آئزک بشواس سنگر

آئزک بی سنگر ١٩٠٤ء میں پولینڈ میں پیدا ہوئے۔ بعد ازاں پولینڈ سے ہجرت کی اور امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔ وہ مذہباً یہودی تھے۔ انھوں نے روایتی تعلیم حاصل نہیں کی۔ کسی کالج سے سند یافتہ نہیں تھے۔ ساری عمر تخلیق و تصنیف میں گزاری۔ یہی ان کا ذریعہ معاش تھا۔ وہ ایک زبردست تخلیق کار تھے۔ انھوں نے اپنی کہانیوں میں قابل داد مہارت سے یہودی روایات کی عکاسی کی اور عالمی سطح پر انسانیت کو درپیش مشکلات کو اپنا موضوع بنایا۔ مشرقی یورپ میں بسنے والے یہودیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی انھوں نے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔ان کی تحریروں میں ان کی قوت مشاہدہ، ذاتی تجربات اور تخیل کا خوبصورت امتزاج ملتا ہے۔ قدیم اور جدید روایات کے مابین تصادم کو انھوں نے بہت مہارت اور حسن و معنویت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں آزادی فکر، تصوف، مذہب اور اعلیٰ معاشرتی اقدار کا فروغ بھی ان کی تحریروں میں نمایاں نظر آتا ہے۔ آئزک بی سنگر کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ١٩٧٨ء میں نوبل انعام عطا کیا گیا۔